اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدارتی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر اور منگل کی درمیانی رات میں امام خمینی(رح) امدادی کمیٹی اور سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹروں اور نادار افراد کے ساتھ افطار پارٹی میں کہا کہ ایران میں لوگ مہربان اور نیکوکار ہیں اور جہاں بھی مدد کی ضرورت ہوتی ہے وہ اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے دوسروں کی مدد کرنے کو اپنے لئے باعث فخر سمجھتے ہیں- ڈاکٹر حسن روحانی نے مزید کہا کہ ایسا معاشرہ ہی ایک انسانی معاشرہ کہلا سکتا ہے جس میں عوام اور حکام ایک دوسرے کا خیال رکھیں اور ناداروں اور محتاجوں کی مدد کریں- صدر مملکت نے مزید کہا کہ جس معاشرے میں غریب اور امیر کے درمیان زیادہ فاصلہ پایا جاتا ہو اور خوشی و مسرت ایک طرف ہو اور ناامیدی و پریشانی دوسری طرف، اس معاشرے میں عدل و انصاف کا فقدان ہوتا ہے- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حکومت تمام امور کی انجام دہی میں عوام کی مدد کی محتاج ہے اور اسے دوسرے شعبوں کی نسبت غریبوں اور ناداروں کے مسائل و مشکلات کو حل کرنے کیلئے عوام کی مدد کی زیادہ ضرورت ہے، یہ کام عوام کو کرنا چاہئے اور حکومت کا فرض ہے کہ وہ اس کا راستہ ہموار کرے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲