2 جولائی 2015 - 04:06
سعودی عرب میں موٹرسائیکل اور حاجیوں کے بارے میں ایک عجیب خبر

سعودی عرب: مکہ المکرمہ میں موٹرسائیکل کے کرائے جہاز کے ٹکٹ سے بھی مہنگے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مکہ المکرمہ میں رمضان المبارک کے دوران عمرے کی ادائیگی کے لیے آئے ہوئے عازمین کے لیے موٹر بائیک کی سواری بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے، اس لیے کہ ان موٹرسائیکل سواروں کو کرایہ ادا کرکے عازمین عمرہ شہر کے مرکزی علاقے سے مسجد الحرام تک باآسانی پہنچ جاتے ہیں۔بہت سے عازمین عمرہ پبلک ٹرانسپورٹ میں بہت زیادہ رش ہونے کی وجہ سے موٹر سائیکل کو ترجیح دیتے ہیں۔ لیکن دیکھنے میں آیا ہے کہ موٹر سائیکل کے مالکان عازمین کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور ان سے من مانی رقم وصول کرتے ہیں۔

غٍیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ناصرف ان کی جانب سے طلب کی جانے والی رقم بہت زیادہ ہوتی ہے، بلکہ یہ لاپرواہی کے ساتھ اور یکطرفہ سڑک پر غلط رخ پر بھی موٹرسائیکل چلانے سے گریز نہیں کرتے۔ ان موٹرسائیکلوں کے کرائے خاص طور پر رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران فاصلے کے مقابلے میں کہیں انتہائی زیادہ ہوجاتے ہیں۔
آخری عشرے میں عازمین عمرہ کی بہت بڑی تعداد مکہ میں موجود ہوتی ہے اور بے انتہا رش ہونے کی وجہ سے یہ موٹرسائیکل سوار منہ مانگے کرائے وصول کرتے ہیں، پانچ کلومیٹر کے فاصلے کے لیے ان کاکرایہ 500 سعودی ریال یعنی تقریباً 13 ہزار 565 پاکستانی روپے کے برابر ہوسکتا ہے۔ جبکہ ہوائی جہاز کا ٹکٹ یہاں کم سے کم 300 ریال میں خریدا جاسکتا ہے۔ عازمین عمرہ کو اپنی موٹر بائیک پر مسجد الحرام لانے اور لے جانے والے عمران الیزیدی نے بتایا کہ انہیں اس عمرہ سیزن میں زبردست کمائی کا موقع ملتا ہے۔

.......

/169