اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکی قومی سلامتی ادارے کے ترجمان ایلسٹر بیسکی نے کہا ہے کہ واشنگٹن، اسرائیل کے خلاف عالمی فوجداری عدالت میں مقدمہ دائر کرانے کا مخالف ہے اور اسے ایک غیر ذمہ دارانہ اقدام سمجھتا ہے۔ فلسطین کی انتظامیہ کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے عالمی فوجداری عدالت میں صیہونی حکومت کے خلاف کیس درج کرادیا ہے۔ غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے جنگی جرائم اور مغربی اردن اور بیت المقدس میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر جیسے موضوعات اس مقدمے میں شامل کئے گئے ہیں۔تنظیم آزادی فلسطین کے سینیئر مذاکرات کار، صائب عریقات کی قیادت میں پینتالس ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی نے یہ مقدمہ تیار کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے فروری کے مہینے میں اس کمیٹی کی تشکیل کا حکم دیا تھا۔ عالمی فوجداری عدالت کے اٹارنی جنرل فاتو بن سودا مقدمے کی ابتدائی تحقیقات کے ذمہ دار ہیں۔ اس سے پہلے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل نے غزہ کی جنگ کے بارے میں اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا تھا کہ اسرائیل اس جنگ میں انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب ہوا ہے ۔ یاد رہے صیہونی حکومت نے جولای دو ہزار چودہ میں غزہ پٹی بر جارحیت کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ پچاس روزہ صیہونی جارحیت میں عورتوں اور بچوں سمیت دو ہزار ایک سو تیس عام فلسطینی شہری ہلاک جبکہ گیارہ ہزار افراد زخمی ہوگئے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲