اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں عراقی وزیر اعظم حیدرالعبادی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور عراق کے تعلقات میں استحکام، نہ صرف دونوں ملکوں، بلکہ علاقے کے تمام ممالک کے مفاد میں ہے-
صدرمملکت نے اس ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں عراقی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عراق اور دوسرے تمام پڑوسی ممالک کے اندر امن و استحکام، علاقے کی ترقی و پیشرفت میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے عراقی وزیر اعظم کو ماہ رمضان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس مہینے کی برکت سے دہشت گردوں پر عراقی قوم اور حکومت کی کامیابی کی امید ظاہر کی اور کہا کہ بلاشبہ عراق کا امن و استحکام، ایران کے امن و استحکام کے مترادف ہے-
صدر ڈاکٹر روحانی نے دہشت گردوں کے مقابلے میں عراقی فوج اور قوم کی استقامت و پائیداری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اس جنگ میں دہشت گردوں کو ناکام بنانے کی اصل ذمہ داری، عراقی قوم اور حکومت کے کاندھوں پر ہے لیکن ایرانی قوم اور حکومت بھی عراقی قوم اور حکومت کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی اس کے ساتھ رہے گی-
اس ملاقات میں عراقی وزیراعظم نے بھی ایرانی قوم اور حکومت کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے عراق اور ایران کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا-
عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے داعش کے خلاف جنگ میں اپنے ملک کے اقدامات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عراقی قوم اور حکومت، تکفیری دہشت گردوں کے مقابلے میں متحد ہے اور اس سلسلے میں اپنے دوستوں سے مدد اور تعاون کی خواہاں ہے-
۔۔۔۔۔۔۔
/169