اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ ان کو یورپی یونین میں اپنے ملک کی رکنیت برقرار رکھنے یا ختم کرنے سے متعلق ریفرینڈم کرانے میں کسی طرح کی جلدی نہیں ہے-
برطانوی وزیر اعظم اور کںزرویٹو پارٹی کے رہنما نے اپنے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا کہ وہ صرف اس صورت میں قبل از وقت ریفرینڈم منعقد کرائیں گے جب ان کے پاس یورپی یونین میں اصلاحات کے لئے اس یونین کے رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات مکمل کرنے کا وقت ہوگا- کہا جا رہا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم نے یہ بیان ایسے موقع پر دیا ہے کہ ان کی جماعت کے دو تہائی اراکین سنہ دو ہزار سترہ میں یورپی یونین میں برطانیہ کی رکنیت سے متعلق ریفرینڈم کے انعقاد کے خواہاں ہیں-
کنزرویٹو ہوم ویب سائٹ پر شائع ہونے والے حالیہ سروے کے نتائج کے مطابق کنزرویٹو پارٹی کے صرف بتیس فیصد اراکین یورپی یونین میں برطانیہ کے باقی رہنے یا اس سے خارج ہونے سے متعلق ریفرینڈم کے قبل از وقت انعقاد کے خواہاں ہیں- ڈیوڈ کیمرون نے برطانیہ کے یورپی یونین میں باقی رہنے یا اس سے خارج ہونے سے متعلق ریفرینڈم کی بات پہلی بار سنہ دو ہزار تیرہ میں کی تھی اور حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بھی یہ معاملہ ان کی پارٹی کے مینیفیسٹو میں شامل تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169