اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ العالم نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق داعش دہشت گرد گروہ نے سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغام میں شیعہ مسلمانوں کو مشرک اور مرتد قرار دیتے ہوئے ان کے قتل عام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ داعش دہشتگرد گروہ نے اپنے فتنہ انگیز پیغام میں سعودی عرب کے شیعہ مسلمانوں کے خلاف کاروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شیعہ مسلمانوں کو ان کے کفر کے سبب سعودی عرب میں زندگی بسر کرنے کا حق نہیں ہے۔ اس پیغام میں ابن تیمیہ کے اس دعوے کا حوالہ دیا گیا ہے کہ شیعہ یہودیوں اور عیسائیوں سے زیادہ خطرناک ہیں۔ اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ خلیفہ داعش کے فرمان کے مطابق شیعہ مسلمان جہاں کہیں بھی ہوں ان کو قتل کر دیا جائے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتوں کے دوران سعودی عرب کے شیعہ آبادی والے شہروں قطیف اور دمّام کی مسجدوں میں دہشت گردانہ دھماکے کئے گئے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد شیعہ مسلمان شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ سعودی عرب کے شیعہ مسلمانوں نے ان دھماکوں کے بعد مظاہرے کرکے سعودی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذرائع ابلاغ سے فتنہ پھیلانے والوں کی آواز دبانے کے لئے موثر قدم اٹھائیں اور شہریوں کی جانوں کی حفاظت کریں۔ قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب میں داعش دہشت گرد گروہ کی سرگرمیان ایسی حالت میں فروغ پا رہی ہیں کہ آل سعود حکومت اس گروہ کے خلاف بر سر پیکار ہونے کا دعوی کرتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲