27 مئی 2015 - 10:28
عراقی فوج الانبار یونیورسٹی کو داعش سے چھڑانے میں کامیاب

عراقی فوج نے عوامی رضاکار فورس کی مدد سے الانبار یونیورسٹی کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراقی نیوز ایجنسی " واع" کی رپورٹ کے مطابق الانبار یونیورسٹی کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی میں دسیوں داعش دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں- رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عراقی سیکورٹی اہلکار مغربی الرمادی میں واقع الانبار یونیورسٹی کی عمارت میں داخل ہوگئے ہیں- عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ عراقی فوج الرمادی، بیجی اور گرمہ کو آزاد کرانے کی تیاری کر رہی ہے- عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے، صوبہ الانبار کے صدر مقام الرمادی کو مکمل آزاد کرانے کی کارروائی شروع کرنے کے لئے اس شہر کا تین طرف سے محاصرہ کر لیا ہے- ادھر عراقی رضاکار فورس نے اعلان کیا ہے کہ اس نے مشرقی الرمادی کے بعض علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے جبکہ داعش کے ایک بڑے اڈے سمیت گرمہ کے بعض جنوبی اور فلوجہ کے کچھ مشرقی علاقوں سے دہشتگردوں کا صفایا کر دیا ہے- دوسری طرف عراقی فورس بیجی کو پوری طرح آزاد کرانے کی بھی تیاری کر رہی ہے- یہ کارروائی بیجی ریفائنری کے اطراف سے دہشتگردوں کے مار بھگانے کے ساتھ ہی شروع ہو جائے گی- درایں اثنا عراقی وزیر اعظم اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ملاقات کرکے موجودہ بحرانی حالات سے باہر نکلنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان اتحاد کی اہمیت پر تاکید کی ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲