19 مئی 2015 - 12:46
شیخ باقر النمر کی سزائے موت کے پس پشت اسلام دشمن استکباری طاقتوں کا عمل دخل، آغا سید حسن

انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ نے کہا کہ شیخ باقر النمر سعودی عربیہ میں نہ صرف اقلیتی طبقے کے حقوق کی ترجمان آواز ہے بلکہ موصوف سرزمین حجاز نے اسلام دشمن استکباری قوتوں کے مکروہ عزائم کے خلاف سب سے موثر آواز بن کر ابھر رہے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یوم بعثت رسول (ص) اور معراج عالم کے موقعہ پر فرزندان اسلام کو ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ مولانا آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اسلام کی سربلندی اور ملت اسلامیہ کی امن و سلامتی کیلئے دعا کی۔ آغا سید حسن نے کہا کہ رسول اسلام کا یوم اعلان رسالت تاریخ بشریت میں ایک حیات آفرین دن کی حیثیت رکھتا ہے۔ جب نبی آخر الزمان نے حکم خداوندی سے رسالت کا اعلان فرمایا حالانکہ سید الانبیاء کا وجود مقدس ایک نور کی شکل میں تخلیق کائنات سے پہلے بھی حبیب خدا کی حیثیت سے منصب رسالت پر فائز تھا۔ اپنے محبوب سے بے پناہ عشق و محبت کے اظہا کیلئے خدا وند عالم نے انہیں آسمانوں کی سیر کرائی اور ایسے اسرار و عجائبات کا مشاہدہ کروایا جن کا مشاہدہ انبیائے سلف میں سے کسی کو نہیں کروایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی روز افزوں مقبولیت سے بوکھلا کر دنیاکی اسلام دشمن طاقتوں نے اسلام اور مسلمین کے خلاف جو مہم چھیڑ رکھی ہے اس کا مقصد اسلام حقیقی کا چہرہ مسخ کرکے ایک ایسے اسلام کی ایجاد ہے جو قرآن اور اسوہ رسول سے کوئی مطابقت نہیں رکھتا ہو۔ اس سلسلے میں دنیائے اسلام نے جاری اسلامی تحریکوں اور مخلص علمائے دین کو راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندیاں کی جارہی ہیں۔

سعودی عربیہ میں شیخ باقر النمر کی سزائے موت اسی منصوبے کی ایک کڑی ہے، آغا سید حسن نے کہا کہ شیخ باقر النمر سعودی عربیہ میں نہ صرف اقلیتی طبقے کے حقوق کی ترجمان آواز ہے بلکہ موصوف سرزمین حجاز نے اسلام دشمن استکباری قوتوں کے مکروہ عزائم کے خلاف سب سے موثر آواز بن کر ابھر رہے ہیں، حکومت آل سعود موصوف کو اپنے اور مغربی مفادات ایران میں ایک بڑی رکاوٹ تصور کرکے انہیں ہمیشہ کیلئے راستے سے ہٹانے کے منصوبے پر گامزن ہے۔

.......

/169