10 مئی 2015 - 06:49
یمن پر سعودی حملوں کے خلاف برلین میں احتجاجی ریلی

جرمنی کے دارالحکومت برلین میں یمن کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت برلین کے عوام نے یمنی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی اور اس ملک پر سعودی عرب کی جارحیت کی مذمت کی- ارنا کی رپورٹ کے مطابق اس ریلی میں جس کا انتظام جرمنی میں مقیم یمنی برادری نے کیا تھا، یمن پر سعودی عرب کے حملوں کی سخت مذمت کی گئی اور ان حملوں کا مقصد القاعدہ اور داعش جیسے دہشتگرد گروہوں کی مدد کرنا بتایا گیا- مظاہرین کے ہاتھوں میں یمن میں سعودی حملوں میں شہید ہونے والے بچوں کی دلخراش تصویریں تھیں اور وہ یمن میں عام شہریوں بالخصوص بچوں اور عورتوں کے قتل عام کی مذمت کر رہے تھے۔ مظاہرین نے سعودی عرب کے جارحانہ حملوں کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا- مظاہرین نے جو سعودی بادشاہ کے خلاف نعرے لگا رہے تھے، اعلان کیا کہ مغرب اور صیہونی حکومت، یمن میں ریاض کی جارحانہ اور ناجائز مداخلت کی حمایت کر رہی ہے - مظاہرین نے سعودی فوجیوں کے ہاتھوں یمنی عوام کے قتل عام کو شام اور عراق میں داعش کے ہاتھوں اجتماعی قتل عام سے تعبیر کیا- اس ریلی میں سعودی قیادت اور اس ملک کے اعلی حکام کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف ارتکاب جرم کے الزام میں ہیگ کی عالمی عدالت میں مقدمہ چلائے جانے پر بھی تاکید کی گئی-

.......

/169