6 مئی 2015 - 08:40
پاکستان میں بڑھتی دہشتگردی پر پاکستانی فوج کا نوٹس

پاکستان میں بڑھتی دہشتگردی میں مبینہ طور پر ہندوستان کے خفیہ ادارے "را " کے کردار کا پاکستانی فوج نے نوٹس لے لیا ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں مسلح افواج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ہدایت کی کہ شہری علاقوں میں جرائم پیشہ افراد، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیز کیے جائیں۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے پاکستان میں دہشتگردی میں ’را‘ کے کردار پر سخت نوٹس لیا۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کو پوری قوم کی بھرپور حمایت حاصل ہے – انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے-
جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف کارروائیوں کا کوئی سیاسی مقصد نہیں، سیکورٹی اداروں کی کارروائیاں بلا تفریق ہیں اور ان کا مقصد ملک میں امن و امان کی بحالی ہے- انہوں نے کہا کہ گمراہ لوگوں اورمجرموں کے ساتھ لڑائی میں سیکیورٹی اداروں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں جسں کا مقصد آنے والی نسل کو پرامن اور بہتر مستقبل دینا ہے۔
جنرل راحیل شریف کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے- انہوں نے کہا کہ پاکستان عوام اوراس کی مسلح افواج کے عزت و وقار کا تحفظ ہر قیمت پر کیا جائے گا۔ مختلف مسائل منجملہ دہشت گردی کے حوالے سے ہندوستان اور پاکستان کے حکام عام طور پر ایک دوسرے کو مورد الزام ٹہراتے رہتے ہیں- پاکستان میں" را" کی مداخلت کے سلسلے پاکستانی فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف کے بیان پر حکومت ہندوستان کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے-

.......

/169