اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے وزیر اعظم حیدرالعبادی نے سنیچر کو کینیڈا کے اپنے ہم منصب سے ملاقات میں مسلح افواج میں داعش دہشتگردوں پر مکمل تسلط حاصل کرنے کی صلاحیت موجود ہونے پر تاکید کی -
موصولہ رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے سنیچر کو بغداد میں کینیڈا کے اپنے ہم منصب اسٹیفن ہاربر سے ملاقات اور گفتگو کی - اس ملاقات میں عراقی وزیراعظم نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ داعش دہشتگرد گروہ کی طاقت ختم ہو رہی ہے تاکید کی کہ عراق کی مسلح افواج ، اپنے ملک کا چپہ چپہ داعش دہشتگردوں کے قبضے سے واپس لینے کی صلاحیت رکھتی ہیں- عراقی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا- کینیڈا کے وزیراعظم نے بھی داعش کے خلاف جنگ میں اپنی حکومت اور عوام کی جانب سے عراقی عوام اور حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا بغداد حکومت کے ساتھ فوجی تعلقات کا خواہاں ہے- کینیڈا کے وزیراعظم اور ان کے ہمراہ وفد کے ارکان ہفتے کے روز بغداد سے عراقی کردستان کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کے مقصد سے اربیل پہنچے جہاں مقامی حکام نے ان کا استقبال کیا-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲