3 دسمبر 2024 - 10:35
شامی حکومت اور عوام کی حمایت جاری رکھيں گے، صدر پزشکیان

صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ شام کی علاقائی خودمختاری کا تحفظ ایران کی علاقائی حکمت عملی کا حصہ ہے، ہم شام کی حکومت اور قوم کی حمایت جاری رکھیں گے اور ہمیں یقین ہے کہ شام ایک بار اپنے ملک میں بد امنی کی صہیونی سازش کو ناکام بنائے گا اور ہم اس مشن میں شام کی حکومت کے ساتھ کھڑے ہيں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ کے صدر ڈاکٹر مسعود  پزشکیان نے پیرکو شام کے صدر بشار اسد سے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران، کہا کہ ایران شام کے بدلتے ہوئے حالات پر گہری اور محتاط نظر رکھے ہوئے ہے اور ہم شام کی ہر طرح کی مدد کے لئے تیار ہيں۔

صدر نے بحران پر قابو پانے کے لئے شامی حکومت کے ساتھ تعاون پر زور دیا اور کہا: ہمیں امید ہے کہ آپ کی تدبیر، قوت اور استقامت سے شام کی حکومت  اس مرحلے کو بھی کامیابی اور فتح کے ساتھ  طے کر لے گی جیسا کہ وہ ماضی میں اس سے کہیں زیادہ سخت حالات سے نمٹ چکی ہے۔

صدر مملکت نے شام کی خود مختاری اور علاقائی خودمختاری کے تحفظ کو ایران کی علاقائی حکمت عملی  کا حصہ قرار دیتے ہوئے شام کی حکومت اور قوم کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ  ہمیں یقین ہے کہ شام ایک بار پھر اپنے امن و سلامتی اور استحکام کے خلاف صہیونی سازشوں کو ناکام بنائے گا اور ہم اس  مشن میں شام کی حکومت اور قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس موقع پر عربی جمہوریہ شام کے صدر ڈاکٹر بشار اسد نے صدر ایران کے رابطے اور ایرانی وزير خارجہ کی سفارتی کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران کی طرف سے شام کی حمایت آج کل کی بات نہيں ہے بلکہ ایران بے حد سخت ایام میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا ہے اور جب سب نے ہمیں تنہا چھوڑ دیا تھا، اسلامی جمہوریہ ایران ہی تھا جس نے ہمارا ساتھ دیا اور آج آپ اس اعلی ظرفی پر مبنی موقف پر جمے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

بشار اسد نے شمالی شام کے واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب جنگ کا نیا مرحلہ ہے جو در اصل شام کی خود مختاری کے خلاف امریکہ اور صہیونیوں کی سازش کا حصہ ہے اور ان کا اصل مقصد شام کو تقسیم کرنا اور شمال میں ایک نیا ملک بنانا ہے جو امریکہ اور اسرائيل کا پٹھو ہو۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110