اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، نجف
اشرف میں مقیم مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی (مد ظلہ) نے پاراچنار میں
بے گناہ شیعہ مسافروں پر دہشت گردانہ حملے پر تعزیتی-مذمتی بیان جاری کیا ہے جس کا
متن درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
إنا لله وإنا الیه راجعون
شہر پاراچنار ـ پاکستان میں ایمانی بھائیو اور
بہنو اعزکم اللہ تعالی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
سنگ دل دہشت گردوں نے ایک بار پھر ایک ہولناک
جرم کا ارتکاب کیا اور پاراچنار سے پشاور جانے والے مسافروں پر مسلحانہ حملہ کرکے
بڑی تعداد میں بے گناہ مؤمنین کو شہید یا زخمی کیا۔
ہم آپ عزیزوں کو تسلیت و تعزیت پیش کرتے ہیں اور
سوگوار خاندانوں سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے، سب کے لئے صبر اور زخمیوں
کے لئے شفائے عاجل اور اس تلخ واقعے کے شہداء کے لئے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہیں۔
نجف کا حوزہ علمیہ اور اعلی شیعہ مرجعیت اس
ہولناک جرم کی ـ کہ جس نے مسلمانوں کے اتحاد کو نشانہ بنایا ہے ـ مذمت کرتے ہیں
اور پاکستان کی محترم حکومت سے زور دے کر مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گرد ٹولوں کے
ظلم اور جرائم پیشگی کے مقابلے میں نہتے عوام کی حمایت کے لئے راستہ نکالے اور حفظ
ما تقدم کے سلسلے میں ضروری اقدامات کو مطمع نظر بنائے، اور اس بات کی اجازت نہ دے
کہ بے گناہ مؤمنین وقتا فوقتا، انتہاپسند اور قسی القلب ٹولوں کے تشدد آمیز اور بہیمانہ
حملوں کا نشانہ بنتے رہیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ شریف پاکستانی قوم
کی عزت و سربلندی کو قائم و دائم رکھے۔
دفترِ آیت الله العظمی سیستانی (مد ظلہ) - نجف
اشرف
20 / جمادی الاول / 1446هـ = 22/11/2024