23 ستمبر 2024 - 16:33
گذشتہ ایک برس کے دوران صہیونی ریاست کے جرائم پر خاموشی نے اس کو زیادہ گستاخ بنا دیا ہے، کنعانی

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے لبنان پر غاصب صہیونی ریاست کے وسیع حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ ایک برس کے دوران صہیونی جرائم پر خاموشی نے اس کو وحشیانہ جرائم اور نسل کُشی کا سلسلہ جاری رکھنے کی جرات دلائی ہے ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے جنوبی لبنان کے مختلف رہائشی علاقوں پر غاصب صہیونی ریاست کے وسیع فضائی حملوں کی مذمت کی ہے۔

یاد رہے کہ آج پیر [23 ستمبر 024] کو جنوبی لبنان کے مختلف شہروں پر غاصب صہیونی ریاست کے وحشیانہ فضائی حملوں میں سینکڑوں عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔

ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے ان وحشیانہ حملوں پرخاموشی حتی امریکہ اور بعض یورپی ملکوں کی جانب سے غاصب حکومت کا ساتھ دیئے جانے پر سخت تنقید کی ہے۔

انھوں نے فلسطینی عوام کے خلاف اس غاصب ریاست کے جرائم کا سلسلہ جاری رہنے اور جںگ کی آگ پورے علاقے میں پھیلا دینے کی صہیونیوں کی خطرناک مہم جوئی کے نتائج کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔

ناصر کنعانی نے غاصب صہیونی ریاست کے ان حملوں کو جنونی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ ایک برس کے دوران صہیونی ریاست کے جرائم میں اس کا ساتھ دیئے جانے کے نتیجے میں وحشیانہ جرائم اورنسل کشی کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے اس غاصب حکومت کی ہمت بڑھ گئی ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے فلسطین میں وحشیانہ جنگی جرائم کا سلسلہ جاری رکھنے اور ان جرائم کا دائرہ لبنان تک پھیلا دینے کو علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے خطرناک قرار دیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے یہ سلسلہ فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110