اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں میں بھارتی فورسز اور عسکری پسندوں کے مابین جاری تصادم میں 4 جوان مارے گئے۔ ادھر جائے تصادم پر فوجی گاڑی حادثے میں 2 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں اور 5 زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنوبی ضلع شوپیاں میں جنگجوؤں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد بھارتی فورسز نے جمعرات کی سہ پہر اس علاقے کو محاصرے میں لے کر انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جونہی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھرپور سعی کی تاہم ایسا ممکن نہ ہوا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں 4 جنگجو مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
242