10 اگست 2021 - 12:17
افغانستان میں فوج اور طالبان کے مابین دسیوں بچے جانبحق

اقوام متحدہ کے مطابق گزشتہ 3 روز کے دوران افغان فوج اور طالبان کے مابین جھڑپوں میں دسیوں بچے جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں گزشتہ 3 روز سے جاری لڑائی میں اب تک 27 بچے جاں بحق اور 136 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ صرف قندھار میں لڑائی کے دوران 20 بچے مارے گئے جب کہ 130 کے قریب زخمی ہوئے، اس کے علاوہ خوست اور پکتیا میں 7 بچے جان سے جا چکے ہیں۔

یونیسیف کا کہنا ہے کہ افغانستان میں آئے روز ظلم و بربریت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور یہ افغانستان میں بڑھتے ہوئے تشدد کا واضح ثبوت ہے، اس کے علاوہ مسلح گروہوں کی جانب سے کم عمر بچوں کو تیزی سے اپنے ساتھ شامل کیا جا رہا ہے جو باعث تشویش ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲