25 اپریل 2021 - 14:12
کورونا کے طوفان نے حکومت کے حوصلوں کو متزلزل کر دیا: ہندوستانی وزیر اعظم

ہندوستان میں کورونا کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور گذشتہ چوبیس گھنٹے میں ایک بار پھر تقریبا تین لاکھ پچاس ہزار کورونا کے نئے معاملات سامنے آئے ہیں -

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے وزیراعظم مودی نے اپنے نشری پیغام میں کہا ہے کہ کورونا کے طوفان نے ملک کے اعتماد اور حوصلے کو متزلزل کردیا ہے لیکن ہم صبر و تحمل سے کورونا کی دوسری لہر کو بھی شکست دیں گے-

انہوں نے کہا کہ کورونا ہم سب کے صبر اور دکھ کا امتحان لے رہا ہے اور اس طوفان نے ہمیں ہلا کر رکھ دیا ہے, تاہم انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اورماہرین کی رائے پر چلتے ہوئے حکومت اور عوام کے صبرو تحمل سے کورونا کی اس لہر کو بھی شکست دیں گے -

مودی نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب ملک میں اپوزیشن جماعتوں سمیت مختلف حلقوں اور عوام کی جانب سے کورونا کے خلاف جنگ میں مودی حکومت پر شدید تنقید ہورہی ہے -

ہندوستان میں کورونا کے طوفان کے دوران گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک بار پھر تقریبا تین لاکھ پچاس ہزار کورونا کے نئے معاملات سامنے آئے ہیں -

ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے اتوار کو اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہےکہ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں ملک میں کورونا کے  تین لاکھ انچاس ہزار چھے سو اکیانوے نئے معاملات سامنے آئے ہیں اور یوں ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ انہتر لاکھ ساٹھ ہزار ہوگئی ہے-

بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے دوہزار سات سو سرسٹھ مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں اور اب ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ بانوے ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے -

ہندوستان میں کورونا کا یہ طوفان ایک ایسے وقت میں جاری ہے جب کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں میں آکسیجن کی شدید قلت ہے اور اسپتالوں میں بیڈ خالی نہیں ہیں -

ہندوستان میں کورونا کے مریضوں سے متعلق جو مناظرسامنے آرہے ہیں وہ انتہائی بھیانک ہیں نظام صحت کے مفلوج ہوجانے کے باعث کورونا کے مریض سڑکوں پر دم توڑ رہے ہیں جبکہ دہلی کے اسپتالوں میں ڈاکٹر انتہائی بے بسی کے عالم میں آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے اپنے مریضوں کو دم توڑتا دیکھتے رہے -

ہندوستانی میڈیا کے مطابق دہلی کے اسپتالوں میں دسیوں مریض آکسیجن ختم ہوجانے کی وجہ سے دم توڑ گئے دہلی میں مزید ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیاہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲