اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی اور "خانہ کتاب و ادبیات ایران" کے باہمی تعاون سے حضرت ابوطالب (ع) کی شان میں ایک محفل مقاصدہ کا انعقاد کیا گیا۔
تہران میں منعقد ہونے والی یہ محفل مقاصدہ جناب ابوطالب (ع) حامی پیغمبر اعظم (ص) بین الاقوامی کانفرنس کے زیر سایہ منعقد ہوئی، ایران، شام، عمان اور کویت سے شعراء نے اس محفل میں شرکت کی جبکہ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ رمضانی اور ثقافتی امور کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین احمدی تبار بھی محفل مقاصدہ میں موجود تھے۔
احسان رضایی نے اس محفل کی نظامت سنبھالی اور محفل کے دوران شعراء نے جناب ابوطالب کے پیغمبر اکرم اور اسلام کی شان میں کہے گئے اشعار پڑھے۔
ایران سے محفل مقاصدہ میں شرکت کرنے والے شعراء میں عباس براتی پور، عبد الرحیم سعیدی راد، احمد علوی، عباس گرامی، مصطفیٰ محدثی خراسانی، رضا اسماعیلی، محمود حبیبی کسبی اور محمد جواد آسمان کا نام لیا جا سکتا ہے۔ شام سے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے رکن اور حرم حضرت رقیہ (ع) کے متولی شیخ نبیل الحلباوی اور محمد عباس علی، عمان سے عقیل اللواتی اور کویت سے شیخ عبد الرسول الفراتی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے محفل مقاصدہ میں حصہ لیا۔
یہ محفل بین الاقوامی ٹی وی چینل ثقلین سے براہ راست نشر ہونے کے علاوہ، عبرات انٹرنٹ چینل اور آپارات چینل سے بھی براہ راست نشر ہوئی۔
جناب ابوطالب اسلام اور پیغمبر(ص) کے سب سے پہلے شاعر
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ رمضانی نے محفل مقاصدہ میں گفتگو کرتے ہوئے شعراء کرام کو خیر مقدم پیش کیا اور کہا: جناب ابوطالب اسلام اور رسول خدا (ص) کے سب سے پہلے شاعر تھے کہ جنہوں نے اپنی تمام زندگی نبی مکرم کے دفاع میں گزار دی۔
انہوں نے جناب ابوطالب کے بارے میں گفتگو کو تاریخ اسلام کے بارے میں گفتگو قرار دیتے ہوئے کہا: جناب ابوطالب کا مقام اس قدر بلند و بالا ہے کہ پیغمبر اکرم نے اس سال کو عام الحزن کا نام دے دیا جس سال جناب ابوطالب کا انتقال ہوا۔
خیال رہے کہ "جناب ابوطالب(ع) حامی پیغمبر اعظم (ص) بین الاقوامی سیمینار'' اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے ذریعے اور دیگر ہم خیال اداروں منجملہ آستان مقدس حسینی، موسسہ فرھنگی تحقیقات و نشر حضرت ابوطالب، مجمع جہانی تقریب مذاہب اسلامی، دفتر تبلیغات اسلامی، جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ، مرکز آموزش زبان حوزہ ہائے علمیہ، اہل بیت(ع) انٹرنیشنل یونیورسٹی، موسسہ فرہنگی میراث نبوت، جامعۃ الزہرا(س)، الذریہ النبویہ تحقیقی سینٹر، موسسہ فرہنگی قاسم بن الحسن(ع)، موسسہ فرہنگی ابناء الرسول، وغیرہ کے باہمی تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
سیمینار کے بارے میں مزید جانکاری کے لیے فارسی، عربی، انگریزی اور اردو کے پوسٹرز کو یہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔
جناب ابوطالب عالمی محفل مقاصدہ بھی اس سیمینار کے ضمنی پروگراموں کا حصہ تھی۔
........
242