اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے کوئٹہ کے علاقے بروری روڈ پر ایک دکان میں دستی بم پھینکا جس کی زد میں آکر ایک بچی سمیت سات افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
سول ہسپتال کے ترجمان وسیم بیگ کے مطابق دھماکے سے زخمی پانچ افراد کو ہسپتال کے ٹراما سینٹر لایا گیا۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل بھی چمن کے مال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور چودہ زخمی ہو گئے تھے۔ بلوچستان گزشتہ کچھ عرصے سے بدامنی کا شکار ہے اور کہا جاتا ہے کہ اسکے پیچھے بیرونی دشمنوں کا ہاتھ ہے جو صوبے کے حالات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲