اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے مختلف ٹوئٹس میں کہا کہ 'آج یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر ہم جموں و کشمیر پر غیرقانونی و جابرانہ بھارتی قبضے کے خلاف جاری جدوجہد پر اہل کشمیر کو سلام پیش کرتے ہیں'۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کے شہدا آج کی کشمیری مزاحمت کے اسلاف تھے۔
اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ان اولادوں نے نسل در نسل آزادی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کی ہیں اور آج بھی وہ ڈیموگرافک انجینئرنگ کے ذریعے کشمیریوں اور ان کی شناخت کو ختم کرنے پر بضد نسل پرست ہندوتوا سرکار کے خلاف پوری جرات اور جواں مردی سے برسرِپیکار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ' پاکستان نے ہمیشہ اہلِ کشمیر کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کی ہے اور بھارت کے غیر قانونی قبضے سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی مکمل آزادی تک پاکستان اس کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا، آزادی کا وہ دن اب زیادہ دور نہیں'۔
واضح رہے کہ 13 جولائی 1931 کو ڈوگرہ مہاراجہ کی فوج نے عبد القدیر نامی نوجوان کے خلاف عدالتی کارروائی کے دوران یکے بعد دیگرے 22 کشمیری نوجوانوں کو سری نگر سینٹرل جیل کے باہر شہید کردیا تھا۔
عبدالقدیر نے کشمیری عوام کو ڈوگرہ راج کے خلاف متحد ہونے کو کہا تھا۔
13 جولائی 1931 کو نماز ظہر کے وقت ایک نوجوان نے اذان دینا شروع کی تھی کہ ڈوگرہ مہاراجہ کے سپاہیوں نے اسے فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا لیکن اذان دینے کا سلسلہ جاری رہا اور اذان مکمل ہونے تک 22 نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲