اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ نے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کے روز جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 70 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ہندوستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 3604 نئے کیس سامنے آنے کے بعد متاثرین کی کل تعداد 70 ہزار سے زیادہ ہو گئی اور اس دوران 87 لوگوں کے جاں بحق ہونے کے ساتھ ہی ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2293 تک جا پہونچی۔
دوسری جانب پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اس ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی بڑھتی نظر آ رہی ہے اور ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 32 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 32 ہزار 81 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 706 ہے۔
کورونا وائرس کے پاکستان میں 22 ہزار 820 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ 8 ہزار 555 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ یعنی 257 ہلاکتیں ہوئیں، پھر اُس کے بعد پنجاب میں 211 افراد، سندھ میں 200، بلوچستان میں 27 اور گلگت بلتستان میں 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 716 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 6 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔