17 اگست 2010 - 19:30

باکو میں مقیم اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے خصوصی ہدایت نامہ جاری کرکے مسجد فاطمۃالزہراء (سلام اللہ علیہا) کے کے انہدام کا منصوبہ منسوخ کردیا ہے

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق باکو میں مقیم اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر، محمد باقر بہرامی نے پیر کے روز قم المقدسہ میں مقیم مراجع تقلید سے ملاقات کی اور ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا: ہم قم میں مراجع تقلید کے حضور شرفیاب ہوئے اور ان سے راہنمائی حاصل کی۔ انھوں نے کہا:  ہم اپنے ملک کے سپاہی ہیں اور ہمیں ہر وقت مراجع تقلید کی ہدایات کی ضرورت ہوتی ہے اور ہمیں ان کی آراء اور ہدایات سے استفادہ کرنا ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا: بعض لوگ مراجع تقلید کو غلط معلومات فراہم کرتے ہیں اور ہم نے ان ملاقاتوں میں انہیں صحیح معلومات فراہم کردیں اور موجودہ مسائل اور مشکلات پر بھی بات چیت ہوئی۔ انھوں نے کہا: مراجع تقلید عالم تشیع کے مسائل کے سلسلے میں فکرمند ہوتے ہیں اور ان کو پیروان اہل بیت علیہم السلام کی صورتحال کے بارے میں تازہ ترین معلومات کی ضرورت ہوتی ہے۔ انھوں نے آذربائیجان کی عمومی صورت حال کے بارے میں کہا: اذربائیجان دنیا کا دوسرا مسلم ملک ہے جس کی اکثریتی آبادی اہل تشیع پر مشتمل ہے اور اس ملک کی 80 فیصد آبادی اہل تشیع پر مشتمل ہے اور وہاں کے عوام کو اسلامی معارف و تعلیمات کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے۔ انھوں نے مسجد فاطمۃالزہراء سلام اللہ علیہا کے انہدام کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا: یہ مسئلہ حل ہوگیا ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی فکرمندی کی ضرورت نہیں ہے اور اگر وہاں اس طرح کا مسئلہ ہو تو وزارت خارجہ رپورٹ پیش کرے گی۔ انھوں نے کہا: اذری صدر نے ذاتی طور پر مسجد کے کے انہدام کا منصوبہ منسوخ کردیا ہے اور اس مسجد کے لئے متولی بھی مقرر کیا گیا ہے تا کہ آذری مسلمان اس مسجد سے استفادہ کرسکیں۔ ................./ 110