عالمی یوم قدس کے موقع پر پوری دنیا میں صیہونی جرائم کے خلاف مظاہرے کئے گئے ۔

26 جولائی 2014 - 15:12

ابنا: پینتیس سال قبل بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے ماہ مبارک رمضان کےآخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کو عالمی یوم قدس قرار دیا تھا تاکہ پوری دنیا کے مسلمان ایک ساتھ مل کر صیہونیوں کے جرائم اور جارحیت کے خلاف آواز بلند کریں۔
اس سال عالمی یوم قدس کے پروگرام ایسے عالم میں منعقد ہوئے کہ صیہونی حکومت نےگذشتہ انیس دنوں سے غزہ پر نہایت جارحانہ یلغار شروع کر رکھی ہے جس نے پوری دنیا پر اس کی وحشیانہ فطرت کو آشکارکردیا ہے یہاں تک کہ صیہونی حکومت سے وابستہ ذرائع ابلاغ بھی فلسطینی بچوں اور عورتوں کے قتل عام کو سینسر نہیں کرپا رہے ہيں۔ کل جمعہ کے دن، لاتینی امریکہ، یورپ، امریکہ ، افریقہ اور ایشیاء میں صیہونیی حکومت کے خلاف زبردست مظاہرے ہوئے۔
ارجنٹائن میں گذشتہ برسوں کے سب سے بڑے مظاہرے ہوئے، مظاہرین کے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ تھے جن پر لکھا ہوا تھا، استقامت صیہونی حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردےگی۔ مظاہرین نے آخر میں ایک قرارداد بھی پاس کی جس میں صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کی گئی۔
ونزوئيلا کے دارالحکومت کاراکاس میں بھی عوام نے صیہونی حکومت کے خلاف مظاہرے کئے اور ایسے پلےکارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر غزہ کے مظلوم عوام پر صیہونی جرائم کی تصویریں اور اسرائیل کے وحشیانہ جرائم کی مذمت درج تھی۔ مظاہرے کے دوران مقررین نے صیہونی جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی پر حیرت و نفرت کا اظہارکیا۔
کیوبا کے دارالحکومت ہاوانا میں عالمی یوم قدس کے جلوسوں میں بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا جن میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں، صحافیوں اور حریت پسندوں نے حصہ لیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ماہ رمضان کےآخری جمعہ کوعالمی یوم قدس قرار ديئے جانے پر مبنی امام خمینی کے اقدام کو سراہا اور صیہونی حکومت کی جارحیت اور غاصبانہ اقدامات کا ذکر کیا۔
افریقہ کے مختلف ممالک میں بھی عوام نے صیہونی حکومت کےخلاف مظاہرے کئے۔ سوڈان کے دارالحکومت خرطوم ميں اسرائیل کے خلاف زبردست غم وغصہ دیکھنے میں آیا۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں تحریک حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ کے پرچم، پلےکارڈ اور بینر تھے جن پر غزہ پرصیہونی فوجیوں کے حملوں کا سلسلہ جلد سے جلد بندکئےجانے اور حملوں کو رکوانے کے لئے عالمی برادری سے فوری اقدام کا مطالبہ کیاگیا تھا۔
سینگال کے دارالحکومت ڈاکار کے عوام نے غزہ میں صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت کے لئے ایسے عالم ميں احتجاجی مظاہروں کاانعقاد کیاکہ مالی کی حکومت نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے جمعہ کے دن قومی سوگ کا اعلان کیا۔
الجزائر کے عوام نے بھی غزہ میں صیہونی جرائم پر مغرب کی خاموشی کی مذمت کی اور سومالیہ کے عوام نے یوم قدس کے جلوسوں میں صیہونی حکومت کا پرچم نذرآتش کرکے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت پرتاکید کی۔
امریکہ اور یورپ کے مختلف شہروں میں بھی اسرائیل مخالف مظاہرے ہوئے جبکہ ان ملکوں کے عوام نے مغربی حکومتوں کی جانب سے اسرائیلی حکومت کی مذمت کی۔
نیویارک میں بھی ہزاروں افراد نے سڑکوں پرنکل کر غزہ پرصیہونی حکومت کےحملوں کےخلاف احتجاج کیا
جرمن عوام نے بھی برلین میں مظاہرہ کرکے صیہونیوں کو فاشسٹ قرار دیا، جرمن مظاہرین کےساتھ فعال و مذہبی یہودی بھی شامل ہوگئے تھے جن کی تعداد تقریبا چار ہزار تھی۔
لندن میں اسرائیل مخالف مظاہروں میں بھی یہودی مذہبی شخصیتوں نے حصہ لیا۔ جبکہ بیلجئم کے دارالحکومت بروکسل کی سڑکوں پر بھی بڑے پیمانے پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے خلاف مظاہرے ہوئے۔مظاہرین اپنے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور نعرہ لگارہے تھے ہم سب فلسطینی ہیں۔
ہندوستان، پاکستان، چین اور دوسرے ممالک میں بھی عالمی یوم قدس کےموقع پر احتجاجی مظاہرے ہوئے جن میں صیہونی حکومت کےخلاف شدید غم وغصہ دیکھنے میں آیا۔

.......

/169