اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اس ملاقات میں مصطفیٰ خاکسار قھرودی نے آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی کی جانب سے حرم امامین کاظمین و جوادین کے نئے متولی حسن الشمّری کو سلام پہنچایا اورکہا کہ ایرانی اور عراقی عوام کا سب سے قیمتی اثاثہ اور عظیم سرمایہ اہلبیت علیہم السلام سےمحبت و مودّت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوںملکوں کے عوام اہلبیت اطہار علیھم السلام سے عشق و محبت کے اسی مشترکہ اعتقادی رشتے کی وجہ سے امت واحدہ ہیں اور اربعین حسینی کے عظیم الشان پیدل مارچ جیسے بہت سارے واقعات اہلبیت اطہار علیہم السلام سے عشق و محبت کے اظہار کا نقط عروج اورمنجی عالم بشریت حضرت قائم آل محمد(عج) کے ظہور کا پیش خیمہ ہیں ۔
آستان قدس رضوی کے نائب متولی نے دشمنوں کے مقابلے میں دونوں ملکوں کے عوام کی فتح کو اہلبیت اطہار علیہم السلام کی سیرت و تعلیمات کی برکت قراردیا اور کہا کہ ہر وہ قوم وملت جو علوی، حسینی اور رضوی ثقافت و تعلیمات پر عمل پیرا ہوتی ہے وہ ہرگز خود کو کمزور محسوس نہيں کرتی ۔ انہوں نے کہا کہ آج ؛ حضرات معصومین علیہم السلام،ولایت فقیہ، عراق کےبزرگ مراجع کرام اور استقامتی محاذ پر لڑنے والے مجاہدین اسلام کی فداکاریوں کی بدولت اوربرکتوں سے خطے میں اسلام دشمن قوتوں کی شکست و ناکامی کا ہر طرف مشاہدہ کیا جارہا ہے
خاکسار قھرودی نے آستان قدس رضوی کے متولی کی عراق و ایران کے مقدس مقامات کے مابین مشترکہ تعاون پرمسلسل تاکید کا حوالہ دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان روابط کے نتیجے میں زائرین کو دی جانے والی سہولیات مزید بہتر اور معیاری ہوں گی۔
امامین کاظمین و جوادین (ع) کے حرم مطہر کے نئے متولی نے بھی اس ملاقات میں آستان قدس رضوی کے نائب متولی کو خوش آمدید کہتے ہوئے آستان قدس رضوی کے متولی اور نائب متولی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ خداوند متعال آپ کو بارگاہ رضوی کے زائرین کی مزید خدمت کی توفیق عطا فرمائے ۔ انہوں نے فرزند رسول امام محمد تقی علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر حرم امامین کاظمین و جوادین کے گنبدوں کے پرچم کی تبدیلی اور خطبہ خوانی کے پروگرام میں آستان قدس رضوی کے نائب متولی کی شرکت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا
/129
11 اگست 2019 - 05:38
News ID: 968131
فرزند رسول حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر آستان قدس رضوی کے نائب متولی خاکسار قھرودی نے امامین کاظمین (ع) کے حرم مطہر کے نئے متولی حیدر حسن الشمری سے ملاقات کی ۔