اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید مبارک علی موسوی نے ایران اور عراق جانے والے زائرین کی مشکلات کو حل کرنے کے لئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ایران بارڈر پر امیگریشن کاؤنٹرز میں اضافے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے زائرین کو بائی روڈ سفر میں آسانی ہوگی، ایران، عراق اور پاکستان کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے جبکہ پاکستان کی معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سال محرم الحرام، صفر المظفر اور سال کے مختلف اوقات میں لاکھوں زائرین ایران اور عراق کیلئے پاکستان سے روانہ ہوتے ہیں لیکن گذشتہ حکومتوں نے زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے، جس سے زائرین کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔ علامہ سید مبارک علی موسوی کا مزید کہنا تھا کہ امیگریشن کائونٹرز میں اضافے کیساتھ ساتھ سکیورٹی انتظامات کو بھی بہتر بنانا چاہیے، تاکہ زائرین کا کوئٹہ سے بارڈر اور بارڈر سے کوئٹہ سفر محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی اور مشکلات کے ازالے کیلئے کسی بھی حکومت کا یہ پہلا قدم ہے جو قابل ستائش ہے، امید کرتے ہیں ان تمام وعدوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
.......
/169