26 اگست 2018 - 17:25
قبلہ اول پر مسلمانوں کے سوا کسی کا کوئی حق نہیں: محکمہ اوقاف فلسطین

فلسطین کے اسلامی محکمہ اوقاف نے ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ مسجد الاقصیٰ صہیونی ریاست کے کسی قانون میں شامل نہیں اور نہ اس پر مسلمانوں کے علاوہ کسی اور کا کوئی حق ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ خیبر صہیون تحقیقاتی ویب گاہ کے مطابق، فلسطین کے اسلامی محکمہ اوقاف نے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسجد الاقصیٰ کسی سرزمین کے قوانین میں شامل نہیں اور نہ ہی کسی اسرائیلی عدالت کو اس کے بارے میں کوئی فیصلہ دینے کا حق حاصل ہے۔ مسجد الاقصیٰ پر اگر کوئی قانون نافذ ہو گا تو وہ صرف الہی قانون ہے یہ مسجد اسلامی مسجد ہے اور رہے گی جب تک کہ خداوند عالم زمین کا فرش سمیٹ لیتا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قبلہ اول تمام مسلمانان عالم سے متعلق ہے اور ہر گز قابل تقسیم نہیں ہے اور نہ ہی اس میں کسی دوسری قوم کا حصہ ہے۔
فلسطینی وزارت اوقاف کے بیان میں اس بات سے بھی خبردار کیا گیا ہے کہ انتہا پسند یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول پر دھاووں کی اجازت دینا مذہبی جنگ چھیڑنے کے مترادف ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی وزارت اوقاف نے یہ بیان اسرائیلی حکام کی طرف سے اس اقدام کے رد عمل میں جاری کیا ہے جس میں صہیونی حکام نے پولیس سے یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول پر دھاووں سے روکنے اور تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائیگی سے روکنے کی وضاحت طلب کی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲