24 جولائی 2017 - 13:47
لاہور ارفع کریم ٹاور کے قریب خودکش دھماکہ، 26 افراد جانبحق+ تصاویر

لاہور میں ارفع کریم ٹاور کے قریب کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں9 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد جانبحق ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ لاہور میں ارفع کریم ٹاور کے قریب کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں9 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد جانبحق ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ دھماکے کے وقت جائے حادثہ سے تجاوزات ہٹانے کا کام ہو رہا تھا جہاں پولیس کی نفری بھی موجود تھی۔ دھماکے سے قریب کھڑی متعدد موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔ جانبحق ہونیوالوں میں انسپکٹر اور اے ایس آئی بھی شامل ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق فیروز پور روڈ پر واقع ارفع کریم ٹاور کے قریب پرانی سبزی منڈی میں دھماکے کے باعث پولیس اہلکاروں سمیت 26 شہری جانبحق ہوگئے، دھماکے سے55 سے زائد افراد زخمی ہیں جنہیں جنرل اور جناح ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی کے باہر پولیس بھی موجود تھی اور ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا۔ دھماکے کے بعد جائے حادثہ پر آگ لگ گئی۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں 10 سے 12 کلوگرام بارود استعمال کیا گیا۔ دھماکے کے بعد پاک فوج اور رینجرز اہلکاروں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کے بعد جنرل اور جناح ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ بھی جائے حادثہ پر موجود ہے جو شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہے۔ فائر بریگیڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲