25 جون 2017 - 04:43
ادارہ قرآن و اہل بیت(ع) کی جانب سے جموں و کشمیر میں قرآنی پروگراموں کا انعقاد+تصاویر

ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے بعض علاقوں میں گزشتہ سال کی طرح امسال بھی ماہ مبارک رمضان میں ادارہ قرآن و اہل بیت(ع) کی جانب سے قرآنی کلاسوں کا اہتمام کیا گیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے بعض علاقوں میں گزشتہ سال کی طرح امسال بھی ماہ مبارک رمضان میں ادارہ قرآن و اہل بیت(ع) کی جانب سے قرآنی کلاسوں کا اہتمام کیا گیا جن میں کثیر تعداد میں مومنین بالخصوص جوانوں نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام میں مقامی تنظیم انجمن شرعی شیعیان کے تعاون سے ادارہ قرآن و اہل بیت(ع) کے شعبہ قرآنیات کے سربراہ حجۃ الاسلام سید کرار علی جعفری نے اول سے آخر ماہ رمضان تک روزانہ قرآن کریم کا ایک پارہ ترتیل سے تلاوت کیا اس کے بعد تفسیر، مفاہیم قرآن اور شرعی احکام کے بیان کا سلسلہ جاری رکھا جبکہ قرآن کریم کی صحیح تلاوت کا طریقہ بھی مومنین کو سیکھایا۔


دوسری جانب ضلع پونچھ کے بعض علاقوں میں ادارہ قرآن و اہل بیت(ع) کے بانی حجۃ الاسلام سید افتخار علی جعفری نے قرآنی کلاسوں کا اہتمام کرتے ہوئے نوجوانوں کو تلاوت قرآن کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ترجمہ، تفسیر اور احکام کے دروس کا اہتمام کیا جبکہ نماز جمعہ کی امامت کے فرائض بھی انجام دئے۔


واضح رہے کہ جموں کشمیر کے نوجوانوں کے دینی شعور میں بالیدگی پیدا کرنے کی غرض سے ادارہ قرآن و اہل بیت(ع) گزشتہ دو سالوں سے ریاست کے مختلف علاقوں میں قرآنی اور دینی کلاسوں کا اہتمام کر رہا ہے جن میں مومنین بالخصوص نوجوان بھرپور شرکت کے ساتھ قرآن اور اہل بیت(ع) کی تعلیمات سے روشناس ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲