28 اپریل 2017 - 14:59
پاک، ایران سرحد پر دہشتگردی واقعہ، ایران میں پاکستانی سفیر کی طلبی

اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان کے ساتھ سرحد پر دہشتگردوں کے حملے پر تہران میں تعینات پاکستانی سفیر کو طلب کر کے ان سے احتجاج کیا اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان کے ساتھ سرحد پر دہشتگردوں کے حملے پر تہران میں تعینات پاکستانی سفیر کو طلب کر کے ان سے احتجاج کیا اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے.

ترجمان دفترخارجہ 'بہرام قاسمی' نے جمعہ کے روز اس حوالے سے بتایا کہ ایرانی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے امور مغربی ایشیا نے پاکستانی سفیر کے ساتھ اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کا احتجاج ریکارڈ کرایا.

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان سے توقع رکھتا ہے کہ دہشتگردوں کی شناخت اور ان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کرے.

اعلی ایرانی سفارتکار نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ایران کے ساتھ ملحقہ پاکستانی سرحدی علاقے بدامنی کا شکار ہیں جبکہ ایران نے مشترکہ سرحدوں علاقوں کو پُرامن رکھنے کے لئے تعمیری اقدامات کئے ہیں.

انہوں نے بتایا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ پاکستانی حکام اپنے ماضی کے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات اور پاکستانی سرزمین کے غلطی سے استعمال کی اجازت نہیں دیں گے.

یاد رہے کہ بدھ کی رات ايران کے جنوب مشرقی صوبے سيستان و بلوچستان ميں واقع پاک،ايران مشترکہ سرحد کے قريب دہشتگرد عناصر کے ساتھ جھڑپ ميں 9 ايرانی سرحدی محافظ شہيد ہوگئے.

زاہدان کے پبلک پراسیکیوٹر علی موحدی راد نے 9 ایرانی بارڈر گارڈز کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دہشتگردوں نے فائرنگ کے بعد رات کے اندھیرے سے فائدہ اٹھا کر پاکستانی حدود فرار ہوگئے.

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲