14 جنوری 2017 - 16:28
ایران دھشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا: بہرام قاسمی

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ وہ خود دہشت گردی کا نشانہ بنا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش پیش ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے فارس نیوز ایجنسی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ایران دہشت گردی کا نشانہ بنا ہے اور اس وقت وہ اس خطرناک لعنت اورعلاقے میں تکفیری گروہوں منجملہ داعش کے خلاف جنگ میں پیش پیش ہے - ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران کسی بھی ملک کے لئے خطرہ نہیں ہے اور وہ علاقے میں اپنی امن پسندانہ پالیسی اور تعمیری کردار جاری رکھےگا - ان کا کہنا تھاکہ دنیا کے بیشتر ملکوں نے علاقے میں ایران کے مثبت اور تعمیری کردار کا اعتراف کیا ہے -

وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکا کے نامزد وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن  Rex Tillerson  کے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ایران، روس اور ترکی کے ساتھ مل کر شام میں اپنی پالیسیوں کو آگے بڑھا رہا ہے کہا کہ ایران نے شروع دن سے ہی شام کے بحران کے سیاسی حل پر زوردیا ہے اور اس سلسلے میں اس نے بے پناہ کوششیں بھی کی ہیں لیکن اس کے برخلاف امریکا نے دہشت گردوں کی بلاوقفہ حمایت کرکے شام کے بحران کو ہوا دی ہے - ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ شام کی خود مختاری اور ارضی سالمیت کے تحفظ پر مبنی ایران کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آسکتی-

ان کا کہنا تھا کہ علاقے اورعلاقے کے باہر کے بعض ملکوں کی جانب سے بشار اسد کی حکومت کو گرانے کے لئے دہشت گردوں کو ہتھیاروں سے لیس اور شام کو تباہ و برباد کرنے کے اقدامات کو معاف نہیں کیا جاسکتا - ترجمان نے ایٹمی معاہدے کے بارے میں ٹیلرسن کے بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں نصحیت کرتے ہیں کہ امریکی وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالنے سے پہلے اپنے بیانات اور موقف کے اظہار میں زیادہ احتیاط سے کام لیں تاکہ بعد میں اپنے بیان کو تبدیل کرنے پر مجبور نہ ہوں - واضح رہے کہ امریکا کے نامزد وزیرخارجہ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ وزیرخارجہ کا عہدہ سنبھالنےکے بعد وہ ایٹمی معاہدے پر نظرثانی کی سفارش کریں گے -

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲