31 دسمبر 2016 - 14:36
حجۃ الاسلام و المسلمین جناب سید مقصود رضوی کے انتقال پرملال کے موقع پر انجمن شرعی شیعیان جموں کشمیر کے صدر کا پیغام تسلیت

انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے سربراہ آغا سید حسن موسوی الصفوی نے حجۃ الاسلام و المسلمین سید مقصود حسین رضوی کے انتقال پر ایک تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے سربراہ آغا سید حسن موسوی الصفوی نے حجۃ الاسلام و المسلمین سید مقصود حسین رضوی کے انتقال پرملال پر ایک تعزیتی پیغام جاری کیا ہے جو حسب ذیل ہے۔

انا للہ و انا الیہ راجعون
انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ مجمع جہانی اہل بیت(ع) کے رکن، جامعہ امام رضا و جامعۃ الزہرا کشمیر کے موسس اور بانی حجۃ الاسلام و المسلمین جناب سید مقصود حسین رضوی طاب ثراہ ہمارے درمیان نہیں رہے۔ مرحوم کشمیر کے ایک ممتاز علمی و سماجی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔ آپ نے حوزہ علمیہ نجف اور قم میں اپنے دور کے جید علماء اور فقہائے عظام سے کسب فیض کیا تھا جس کا اثر آپ کے علم و اخلاق میں نمایاں نظر آتا تھا۔ مرحوم کے علمی اور اخلاقی مقام کا ہر طرف شہرہ تھا۔ قم میں قیام کے دوران آپ نے سازمان تبلیغات کی سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔ مرحوم اسلامی اور انقلابی افکار و اقدار کی نشر و اشاعت میں ہمیشہ پیش پیش رہے، جامعہ امام رضا اور جامعۃ الزہرا کا قیام اس کی بہترین مثال ہے۔ مرحوم کے انتقال سے وادی کشمیر کے مومنین ایک سچے ہمدرد اور عالم با عمل سے محروم ہو گئے ہیں، جس کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ انجمن شرعی شیعیان جموں کشمیر، طلاب و اساتید جامعہ باب العلم و مکتب الزہراء اس مصیبت عظمیٰ کو امام زمانہ، ولی فقیہ، تمام مراجع عظام اور حوزہ ہائے علمیہ، مرحوم کے اہل خانہ اور پسماندگان بالخصوصا مرحوم کے فرزند اکبر حجۃ الاسلام و المسلمین جناب محمد باقر رضوی کی خدمت میں تسلیت پیش کرتے ہیں، پروردگار عالم مرحوم کے درجات کو بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں جوار معصومین میں جگہ عنایت فرمائے اور مرحوم کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
آغا سید حسن الموسوی الصفوی
رئیس انجمن شرعی شیعیان کشمیر، رکن مجمع جہانی اہل بیت و مدیر حوزات علمیہ باب العلم و مکتب الزہرا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲