31 اکتوبر 2016 - 20:03
کشمیر؛ اسکولی عمارتوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات پر آغا حسن کا اظہار فکروتشویش

حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے وادی کے اطراف و اکناف میں اسکولی عمارتوں کو نذر آتش کرنے کے پے در پے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے نا عاقبت اندیشی کی حد انتہا قرار دیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے خانہ نظر بند سربراہ اور سینئر حریت رہنما حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے وادی کے اطراف و اکناف میں اسکولی عمارتوں کو نذر آتش کرنے کے پے در پے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے نا عاقبت اندیشی کی حد انتہا قرار دیا۔

آغا صاحب نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی خاکستری کے واقعات رواں جدوجہد کو بدنام کرنے کی ایک گہری سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حصول علم اولین اسلامی فریضہ ہے اور تعلیمی اداروں کی ضرورت و اہمیت ایک مسلمہ حقیقت ہے۔ اسکولوں کو جلانے میں جو عناصر ملوث ہیں وہ اس مظلوم قوم کو روشنی سے اندھیروں کی طرف دھکیلنے کی سازش کے حصہ دار ہیں۔ کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کیلئے ضروری ہے کہ تعلیمی اداروں کو سیاست سے مبرا رکھا جائے لیکن رواں احتجاجی ہڑتال کو توڑنے کیلئے سب سے پہلے ریاستی انتظامیہ نے شعبہ تعلیم کو ڈھال بنانے کی کوشش کی۔اگر سرکار کو سچ مچ طالب علموں کے تعلیمی مستقبل کی فکر دامن گیر ہے تو اسے تمام سرکاری و نجی سکولوں کی حفاظت کیلئے موثر پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔

آغا صاحب نے کہا کہ ایسا لگتا ہے سرکار امتحانات سے متعلق طالب علموں کے برحق موقف کا انتقام لے رہی ہے۔

دریں اثنا انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے تلرزوہ سوناواری میں مجلس حسینیؑ کا انعقاد کیا گیا اور بعد دوپہر آستانہ میر سید علی دانیالؒ سے جلوس عزا برآمد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔آغا صاحب کی غیر موجودگی میں حجة الاسلام آغا سید عقیل الموسوی الصفوی نے وعظ و تبلیغ کی جبکہ حجة الاسلام آغا سید عابد حسینی نے نماز ظہرین کی جماعت کروائی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲