اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حمص کے الوعر علاقے کو خالی کرنے پر مبنی شام کی حکومت اور دہشتگردوں کے درمیان معاہدے کی بنیاد پر دہشتگردوں نے جمعرات سے اس علاقے سے انخلا شروع کردیا ہے۔ الوعر علاقے سے دہشتگردوں کے انخلاء کے بعد شام کے سرکاری ادارے اس علاقے کا انتظام سنبھال لیں گے۔
حمص کے گورنر طلال البرازی نے شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ شام کی حکومت اور دہشتگردوں کے درمیان کسی ثالثی کے بغیر گفتگو انجام پارہی ہے اور یہ گفتگو شام کے قومی آشتی کے تحت امن قائم ہونے اور تمام پناہ گزینوں کے واپس آنے تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ قومی مصالحتی عمل میں اقوام متحدہ کی عدم شرکت اور اس کی جانب سے شام کے گروہوں کی باہمی گفتگو کی حمایت نہ کرنا ، ایک غیر تعمیری اور تعجب انگیز بات ہے۔ البرازی نے کہا کہ ہم نے شہر حمص کے الوعر علاقے کو دہشتگردوں اور ہتھیاروں سے خالی کرنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں حمص کے الوعر علاقے سے دہشتگردوں کے انخلاء کا معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت سات سو بیس دہشتگرد اپنے اھل خانہ کے ہمراہ اس علاقے سے چلے گئے تھے لیکن دہشتگردوں کی خلاف ورزیوں کی بنا پر یہ معاہدہ ادھورا رہ گیا تھا۔
.......
/169