13 ستمبر 2016 - 11:23
کشمیر میں نماز عید کی ادائیگی پر پابندی/ تازہ ترین مظاہروں میں مزید دو افراد ہلاک

منگل کو عیدالاضحی کے موقع پر حکام نے وادی میں سخت ترین کرفیو نافذ کردیا تھا اور کسی بھی مرکزی عیدگاہ یا جامع مسجد میں نماز عید ادا نہیں کرنے دی گئی -

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں منگل کو عید الاضحی کے موقع پر وادی کے سبھی اضلاع میں سخت ترین کرفیو نافذ کرکے عیدگاہوں اور مرکزی مقامات پر نمازعید پر پابندی عائد کردی گئی تھی جبکہ تازہ ترین مظاہروں میں مزید دو افراد ہلاک اور درجنوں دیگرزخمی ہوگئے-

سری نگر سے موصولہ رپورٹ کے مطابق منگل کو عیدالاضحی کے موقع پر حکام نے وادی میں سخت ترین کرفیو نافذ کردیا تھا اور کسی بھی مرکزی عیدگاہ یا جامع مسجد میں نماز عید ادا نہیں کرنے دی گئی -

  البتہ چھوٹی مساجد اور محلوں میں لوگوں نے نماز عید ادا کی - سری نگر کی تاریخی جامع مسجد منگل کو بھی سنسان پڑی تھی - حکام نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ وادی کشمیر کے سبھی اضلاع میں کرفیو نافذ رہےگا اور کسی کو بھی گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی -

لیکن اس کے باوجود لوگوں نے مختلف مقامات پر گھروں سے باہر نکل کر زبردست مظاہرے کئے - شمالی قصبہ بانڈی پورہ میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید تصادم ہوا جس میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے - شوپیاں میں بھی شدید پرتشدد مظاہرے میں ایک نوجوان مارا گیا جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں -

دریں اثنا پولیس نے بیشتر علیحدگی پسند رہنماؤں کو یا توپہلے سے ہی حراست میں لے لیا تھا یا پھر آج اس وقت حراست میں لے لیا جب انہوں نے نماز عید کے اجتماع میں شرکت کے لئے گھر سے باہر نکلنے کی کوشش کی -

خبروں کے مطابق پولیس نے انجمن اتحاد المسلمین کے رہنما مولوی مسرور عباس انصاری کو اس وقت گرفتارکرلیا جب انہوں نے اپنے گھر سے نکل کر نمازعید کے اجتماع کی جانب جانے کی کوشش کی - انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ مولانا آغا حسن بڈگامی کو بھی پولیس نے ان گھر میں نظر بند کردیا -

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز