اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران، تاجکستان، افغانستان اور دنیا کے دیگر مختلف مقامات کی طرح جشن نوروز آج بلتستان بھر میں شایان شان اور جوش وخروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ مختلف مقامات پر جشن نوروز کے سلسلے میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے، بچے رنگ برنگے انڈے لڑانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جبکہ بڑے عمدہ لباس زیب تن کر عزیزوں اور رشتہ داروں کے گھروں میں عید ملنے میں مگن ہیں۔ جشن نوروز کے موقع پر اسکردو میں پولو، والی بال، کرکٹ، محفل مشاعرے، ڈرامے اور دیگر تقریبات کا اہتمام بھی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف سماجی اور ادبی تنظیمیں بھی رنگارنگ تقریبات منعقد کررہی ہیں، اسی سلسلے میں ادبی تنظیم فکر ادب کے تحت محفل مشاعرہ 22 مارچ کو ڈسٹرک کونسل ہال میں ہوگی، جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے۔ نوروز کی مناسبت سے بلتستان بھر کے تمام سرکاری اور نجی دفتروں، تعلیمی اداروں، کالجوں میں سرکاری تعطیل کی گئی ہے۔
.......
/169