اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاک ایران سرحدی علاقوں میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے مشترکہ گشت، منشیات کی روک تھام، غیر قانونی اسمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام پر پاکستانی اور ایرانی حکام کے درمیان اتفاق ہوا ہے۔ پاکستان اور ایرانی حکام کے درمیان پاک ایران سرحدی شہر میر جاوا میں پاکستانی اور ایرانی حکام کے درمیان اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کیجانب سے ڈپٹی کمشنر چاغی سیف اللہ خان کھیتران، کمانڈنٹ تفتان رائفلز عرفان چیمہ، ونگ کمانڈر اشتیاق احمد، اسسٹنٹ کمشنر تفتان مراد کاسی، کسٹم آفیسر حامد حسین، ڈی سی اسسٹنٹ محمد یعقوب اور ایرانی حکام کیجانب سے کرنل حسین بانشی، لیفٹیننٹ کرنل عادی زرا، میجر اسفند کریمی، کیپٹن عباس سمانی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے ڈپٹی کمشنر چاغی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی علاقوں میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے مشترکہ گشت کیا جائے، تاکہ راہداری کے ذریعے سرحدی لوگ اپنے رشتہ داروں سے ملنے جائیں۔ انکا کہنا تھا کہ سرحدی علاقوں میں ایرانی فورسز خلاف ورزی کر رہی ہیں، جسے روکا جائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی کرنل حسین بانشی نے سرحدی مسائل کو حل کرنے کی یقین دہائی کرائی۔ اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے تبادلے پر بھی اتفاق ہوا۔ زیرو پوائنٹ گیٹ میں ایمپورٹ اور ایکسپورٹ ہونے والی اشیاء خورد و نوش کی چیکنگ کو مزید دونوں اطراف سے سخت کیا جائے، تاکہ کسی بھی غیر قانونی چیز کے داخلے کو روکا جاسکے۔ سرحدی علاقوں میں رونماء ہونے والے حادثات پر فوری طور پر ایک دوسرے کی سکیورٹی فورسز کو اطلاع دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ایرانی اور پاکستانی حکام نے پلر نمبر 71 سے لیکر 72 تک دوبارہ نشانات لگائے جانے پر بھی اتفاق کیا۔ تاکہ سرحدی حدود کو واضح کرکے سکیورٹی کو مزید موثر بنایا جاسکے۔
.......
/169