15 اپریل 2015 - 04:34
چین اور تاجکستان کے ساتھ تعاون پر ایران کی تاکید

ایرا ن کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سکریٹری نے چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں فروغ کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے منگل کو ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن اور مبصر ملکوں کے قومی سلامتی کے سکریٹریز کے اجلاس کے موقع پر، چین کی سماجی سلامتی کے وزیر ہو شین کونگ سے ملاقات میں سیاسی، سیکورٹی اور اقتصادی امور میں توسیع کے طریقوں کا جائزہ لیا۔ علی شمخانی نے علاقے اور عالمی سطح پر چین کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے، دونوں ملکوں کے درمیان طے شدہ سیکورٹی معاہدوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا- چین کے سماجی سیکورٹی امور کے وزیر نے اس ملاقات میں کہا کہ دونوں ملکوں کے حکام، آپسی تعاون میں فروغ لانے کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے اعلی حکام کے ایک دوسرے کے ملکوں کے دورے اور صلاح و مشورے، سیاسی اقتصادی اور سیکورٹی شعبوں میں مشترکہ معاہدوں پر تیزی سے عمل درآمد کے سلسلے میں مفید واقع ہوتے ہیں- علی شمخانی نے ماسکو اجلاس کے موقع پر تاجیکستان کی قومی سلامتی کے مشیر سے بھی ملاقات کی- علی شمخانی نے اس ملاقات میں ایران اور تاجیکستان کے مشترکہ ثقافتی اقدار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران، تاجیکستان کے ساتھ اسٹراٹجیک تعلقات میں توسیع کو، اپنی پہلی ترجیح سمجھتا ہے۔ اس موقع پر تاجیکستان کے قومی سلامتی کے مشیر نے علاقے کے بحرانوں کو حل کرنے میں بالخصوص انتہا پسندی اور دہشتگردی سے مقابلے میں ایران کی بنیادی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تاجیکستان، تہران کے ساتھ تعاون میں توسیع لانے کےلئے آمادہ ہے-

.......

/169