اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق خالد جسام نے کہا کہ اس وقت عراقی فورسز نے تین طرف سے شہر تکریت کا محاصرہ کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے سے داعش کے دسیوں دہشتگرد فرار کررہے ہیں۔ تکریت شہر کی آزادی اور صوبہ صلاح الدین کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کی کارروائياں گذشتہ ہفتے سے، وزیر اعظم حیدر العبادی کے کمانڈ سے شروع ہوئي تھیں اور اب تک عراقی فورسز نے الدور، مکیشفہ، البوجیل شہروں اور سیکڑوں دیہی علاقے آزاد کرالئے ہیں۔ ادھر اطلاعات ہیں کہ صوبہ الانبار کے مغربی علاقے شہر القائم پر عراقی فضائيہ کے حملوں میں داعش کےفوجی ٹریننگ شعبے کے سرغنے کے ساتھ ساٹھ تکفیری ہلاک ہوئے ہیں۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزارت داخلہ کے ترجمان سعد معن نے کہا ہے کہ ان حملوں میں تکفیری دہشتگردوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائیہ کے حملوں میں تکفیری دہشتگرد گروہ کے ساٹھ عناصر ہلاک ہوئے ہیں اور ان میں فوجی ٹریننگ شعبے کاسرغنہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائیہ کے ان حملوں میں بھاری مقدارمیں تکفیری دہشتگرد گروہ کے ہتھیار اور فوجی ساز و سامان بھی تباہ ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق عراق کے وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی تکفیری دہشتگردوں کامقابلہ کرنے کے اقدامات کرے۔ ابراہیم جعفری نے تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کامقابلہ کرنے میں عرب ملکوں کے اتحاد کی ضرورت پر تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کو تکفیری دہشتگردوں کے مقابل اسٹراٹیجی بنانی چاہیے۔ ادھر اطلاعات ہیں کہ عراقی فورسز، جن میں عوامی رضا کار پیش پیش ہیں شمالی صوبے صلاح الدین اور مغربی صوبے الانبار میں پیش قدمی کررہی ہیں۔ دوسری طرف، عراق میں تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کی پے درپے شکستوں کے بعد اس وحشی گروہ کے سرغنے نے شام سے ہزاروں دہشتگردوں کو عراق بلا لیا ہے۔


















۔۔۔۔۔۔۔
/169