اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مصر کی مقامی عدالت کی جانب سے حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے سے متعلق متنازعہ فیصلے پرعالم اسلام میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دوحہ میں عالمی علماکونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹرعلی القرہ داغی نے ایک بیان میں کہا کہ مصری عدالت نے حماس کودہشت گرد قرار دے کر پوری مسلم امہ کو دکھ پہنچایا، اس غیرقانونی اور ظالمانہ فیصلے سے اسرائیل کو اپنے جرائم بڑھانے اور قبلہ اول کے خلاف سازشوں کو تیز کرنے کا موقع ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے پاس ایک غاصب اور ظالم ریاست کے خلاف مسلح مزاحمت کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ ڈاکٹر القرہ داغی نے کہا کہ اس وقت بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی پنجہ یہود سے آزادی کیلیے عالم اسلام کی صفوں میں اتحاد اور ان قوتوں کے ہاتھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، جو قبلہ اول کی آزادی کیلیے فرنٹ لائن پر قربانیاں دے رہی ہیں، حماس ان میں سرفہرست ہے، انسانی، اخلاقی اوردینی کسی بھی پہلو سے مصری عدالت کا فیصلہ جائزنہیں کہا جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ پچھلے 2 عشروں سے عرب ممالک اورمسلم دنیا کے اختلافات گہرے ہوئے، جس کے نتیجے میں مصر، شام، عراق، یمن اورحجاز میں خون خرابہ ہوا۔
.......
/169