اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاؤن لاہور میں طلباء کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ایران دشمنی میں بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں، اس لئے اب اپنے آقا امریکہ کے سامنے بھی شکایات کے انبار لگا رہے ہیں۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ ایران نے اپنی سفارتی حکمت عملی سے عالمی طاقتوں کو پرامن ایٹمی پروگرام پر اپنے موقف پر قائل کیا ہے، جس پر مذاکرات ہو رہے ہیں، اس پر یقینی طور پر شیطانی اور اسرائیلی ایجنٹوں کو پریشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو نظر آرہا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا اس کی موت ہوگی، اس لئے وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پوری دنیا میں تسلیم کیا جانے والے نظام کہا جاتا ہے، مگر عالمی طاقتوں کے دوہرے معیارات نے اسے خراب کیا ہے، بحرین اور یمن کی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے شہریوں پر مظالم کی بجائے ان کے سیاسی حقوق کو تسلیم کریں۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن کو متنازع بنانے کے لئے ایک میڈیا گروپ کو استعمال کیا جا رہا ہے، فوج کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی تمام مذہبی اور سیاسی جماعتیں حمایت کرتی ہیں، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ آپریشن ضرب عضب کو پورے ملک میں وسعت دی جائے، تاکہ دہشت گردوں کے خاتمے تک ان کا پیچھا کیا جاسکے۔ انہوں نے سینیٹ انتخابات میں ووٹوں کی خرید و فروخت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے منتخب نمائندوں پر قابل تقلید رویے اپنانے پر زور دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲