26 فروری 2015 - 12:24
داعش مخالف اتحاد کی کارکردگی پرعراق کی تنقید

عراقی وزیرخارجہ نے دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف قائم بین الاقوامی اتحاد کی کمزور کارکردگي پر نکتہ چینی کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ملاقات میں داعش مخالف اتحاد کی کمزور کارکردگی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ داعش کی نابودی میں اتحادی افواج کے کردار کے بارے میں کئے جانے والے بعض دعووں کے برخلاف، عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اپنی استقامت و شجاعت کے ذریعے داعش کےخلاف سخت مقابلہ کیا ہے۔ عراقی وزیر خارجہ نے داعش کے خلاف جنک میں عراق کے لئے ایران کی مدد سے متعلق بعض سیاسی دھڑوں اور علاقائی ملکوں کی مخالفت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے دیگر ملکوں سے پہلے داعش کے خلاف جنگ میں عراق کی مدد کی اور ایران کی یہ مدد بعثی اور داعش کے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف عراقی فوج کی کامیابی میں بنیادی کردار کی حامل رہی ہے۔ ابراہیم جعفری نے کہا کہ غیر ملکیوں کی حمایت، داعش کی تقویت، اور علاقے میں دہشت گرد گروہ کی بربریت میں اضافے کا باعث بنی ہے۔ دوسری جانب عراق کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ منگل کو بغداد میں ہونے والے دھماکوں ميں دسیوں عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے ہيں۔ اس بیان میں کہا گيا ہے کہ دہشت گردوں نے بغداد کے شمال اور جنوب مشرق کے دو گنجان آبادی والے علاقوں جسر الدیالی اور المشاہدہ میں بم دھماکے کئے جن میں اٹھائیس عام شہری جاں بحق اور دسیوں دیگر زخمی ہوگئے۔ عراقی حکام کے بقول دہشت گرد عناصر نے، میدانی علاقوں میں شکست کھانے کے بعد اب شہری علاقوں میں دہشت گردانہ حملے کو اپنے ایجنڈے میں سرفہرست کررکھا ہے۔ در ایں اثنا عراق کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ فوج نے قبائلی افراد اور عوامی رضاکار فورس کی مدد سے صوبہ الانبار کے شہر البغدادی کے بڑے حصے سے دہشت گردوں کو باہر نکال دیا ہے اور جلدہی یہ علاقے مکمل طور پر آزاد کرا لئے جائیں گے۔ داعش دہشت گرد گروہ نے دس روز قبل البغدادی شہر پرقبضہ کرلیا تھا۔ عراقی فوج نے بھی اعلان کیا ہے کہ عوامی فورس کی مدد سے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دیالہ،صلاح الدین اور نینوا صوبوں ميں داعش کے خلاف کاروائیاں انجام پائی ہیں اور ان کاروائیوں کے نتیجے میں دسیوں گاؤں دہشت گردوں سے پاک اور بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گيا ہے۔ ادھر عراق کے امور میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے نئے نمائندےکا تقرر بھی عمل میں آگیا ہے۔ عراقی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے اسلواکیہ کے سفارتکار "یان کوبیس" کو عراق میں اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کیا ہے۔

.......

/169