7 فروری 2015 - 09:49
جرمنی میں جان کیری کی ڈاکٹر ظریف سے ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکا کے وزرائے خارجہ نے جرمنی کے شہر میونخ میں ملاقات کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جو میونخ سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے جرمنی گئے ہوئے ہیں، جمعے کے روز اپنے امریکی ہم منصب جان کیری سے ملاقات کی اور ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی مذاکرات کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا-
ایرانی وزیر خارجہ نے جمعرات کو چار افریقی ملکوں کے دورے سے واپسی پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ میونخ میں ایران کے ایٹمی مسئلے کے بارے میں تفصیلی مذاکرات کریں گے-
اطلاعات ہیں کہ ایرانی وزیر خارجہ اتوار کے روز میونخ اجلاس میں فرانس امریکہ اور جرمنی کے وزرائے خارجہ لوران فابیوس، جان کیری اور فرانک والٹر اشٹائن مائر کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کریں گے جس کا موضوع ایران  کا ایٹمی پروگرام ہوگا- میونخ سیکورٹی کانفرنس کے سربراہ کے بقول ممکن ہے کہ یورپ کی خارجہ پالیسی کے کوآرڈینیٹر بھی اس اجلاس میں شامل ہو جائیں-
دریں اثنا جرمنی کی وزارت خارجہ نے بھی جمعے کے روز اعلان کیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ میونخ کانفرنس کے موقع پر جرمن وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کریں گے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲