اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ الحوثی گروہ نے اعلان کیا ہے کہ صدارتی کونسل کی تشکیل کے لیے یمنی کے سیاسی گروہوں کے مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں وہ احکام جاری کر کے عبوری حکومت تشکیل دے گا-
موصولہ رپورٹ کے مطابق یمن کے حوثی گروہ نے اعلان کیا ہے کہ مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں وہ احکامات جاری کر کے کہ جن کا اعلان ٹی وی چینلوں سے بھی کیا جائے گا صدارتی کونسل تشکیل دیں گے- یہ کونسل تین ماہ کے لیے ملک کا انتظام اپنے ہاتھ میں لے گی تاکہ اقتدار کے انخلا اور سرکاری ملازمین کے اپنے کام پر حاضر نہ ہونے کی بنا پر ملک کو نقصان نہ پہنچے- یمن کا حوثی گروہ اسی طرح ان احکامات میں مستقبل میں ملک کے انتظام، حکومت کی نوعیت اور سیاسی جماعتوں اور گروہوں کے کوٹے کے بارے میں بھی تفصیلات کا اعلان کرے گا- یمن کی سیاسی جماعتیں جمعرات کے روز تک مذاکرات کر رہی تھیں لیکن وہ صدارتی کونسل کی تشکیل کے مسئلے پر کسی حتمی سمجھوتے تک پہنچنے میں ناکام رہیں -
اس رپورٹ کے مطابق یمن کی سوشلسٹ پارٹی صدارتی کونسل کی تشکیل کی حامی جماعتوں کے ساتھ مل گئی ہے اور اس طرح یمن میں سیاسی خلا کو ختم کرنے کے لیے سیاسی گروہوں کی کوششوں کو تقویت ملی ہے- یمن کے سیاسی گروہوں نے اس سے قبل دارالحکومت صنعا میں ہونے والے مذاکرات کے دوران علی ناصر محمد کی سربراہی میں ایک پانچ رکنی صدارتی کونسل قائم کرنے پر اتفاق کیا تھا کہ جو جنوبی اور شمالی یمن کے اتحاد سے قبل جنوبی یمن کے صدر تھے-
اس درمیان انصار اللہ یمن کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے کہا ہے کہ سلفیوں کی اصلاح پارٹی ملک میں سیاسی مذاکرات کی ناکامی کی اصل ذمہ دار ہے- محمد البخیتی نے ایک انٹرویو میں یمن کے سیاسی گروہوں کے مذاکرات کی ناکامی کے بارے میں کہا کہ ان مذاکرات کی ناکامی کی اصل ذمہ دار اصلاح پارٹی ہے کیونکہ اس پارٹی کو اس بات کا ادراک نہیں ہے کہ یمن میں اس کا کوئی مقام نہیں ہے- یہ پارٹی ماضی میں یہ خیال کرتی تھی کہ وہ علی عبداللہ صالح کی حکومت کی جگہ لے لے گی لیکن اس کی تمام تر کوششیں ناکامی سے دوچار ہوئيں- انہوں نے مزید کہا کہ اصلاح پارٹی یہ بات قبول کرنے پر تیار نہیں ہے کہ یمن کا مستقبل انصاراللہ کے ہاتھ میں ہے- انہوں نے کہا کہ سلفیوں سے وابستہ اصلاح پارٹی انصار اللہ کو اپنا سیاسی دشمن سمجھتی ہے- اصلاح پارٹی کوشش کر رہی ہے کہ یمن کے حالات کو خراب کر کے انصار اللہ کو اس کا ذمہ دار قرار دے- تحریک انصاراللہ کےرہنما نے کہاکہ اصلاح پارٹی ملک کے سیاسی عمل میں روڑے اٹکا رہی ہے- انہوں نے کہا کہ یمن کی قومی کانفرنس کے فیصلوں، امن معاہدے اور قومی شراکت نے حکومتی اور سیکورٹی اداروں کی سرگرمیوں کی بحالی کا طریقہ کار معین کر دیا ہے- انصاراللہ کے ارکان کو تمام حکومتی اداروں میں شراکت ملنی چاہئے -
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲