30 جنوری 2015 - 10:54
لبنان صیہونی حکومت کے خلاف اقوام متحدہ میں اپیل دائر کرے گا

لبنان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک صیہونی حکومت کے خلاف اقوام متحدہ میں شکایت کرے گا-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق لبنان کے وزیر خارجہ جبران باسیل نے اقوام متحدہ مین لبنان کے سفیر نواف سلام سے کہا ہے کہ وہ جنوبی لبنان پر اسرائیل کے توپ خانے کی گولہ باری اور ہوائی حملے جاری رہنے کے خلاف اقوام متحدہ میں شکایت کریں- انہوں نے جنوبی لبنان پر اسرائیلی فوج کی گولہ باری میں اقوام متحدہ کی امن فوج یونیفل سے تعلق رکھنے والے ایک ہسپانوی فوج کی ہلاکت اور اسرائیلی حملوں کی مذمت کرنے کی ضرورت پر زور دیا-
دریں اثنا لبنان کے وزیر اطلاعات رمزی جریج نے وزیراعظم تمام سلام کی سربراہی میں کابینہ کے اجلاس کے بعد اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کےہاتھوں علاقے کے امن و استحکام کو لاحق خطرات کو دور کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے- انہوں نے جنوبی لبنان اور ملک کے دیگر علاقوں میں قیام امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کو یہ موقع نہ دیا جائے کہ وہ لبنان کو ایک وسیع لڑائی میں الجھا دے کیونکہ یہ علاقے کے ملکوں اور قوموں کے لیے ایک خطرہ ہے- انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لبنان کی حکومت سلامتی کونسل کی قرارداد سترہ سو ایک کی تمام شقوں کی پابند ہے اور وہ جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی محافظ امن فوج کے کردار پر زور دیتی ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲