13 جنوری 2015 - 13:45
علی شمخانی کی عراقی وزیر پٹرولیم سے ملاقات

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ تیل کی قیمت میں کمی، تیل پیداکرنے والے ممالک کے لئے اقتصادی میکانیزم کی اصلاح پر زيادہ توجہ دینے اور تیل کی فروخت سے وابستگی کم کرنے کا باعث ہوگی

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ تیل کی قیمت میں کمی، تیل پیداکرنے والے ممالک کے لئے اقتصادی میکانیزم کی اصلاح پر زيادہ توجہ دینے اور تیل کی فروخت سے وابستگی کم کرنے کا باعث ہوگی۔ علی شمخانی نے آج تہران میں عراق کے وزیرپیٹرولیم عادل عبدالمھدی سے ملاقات میں تاکید کے ساتھ کہا کہ تہران، استقامتی اقتصاد کی اسٹریٹیجی کی بنیاد پر ظالمانہ پابندیوں سے ایران کو محفوظ بنانے، پڑوسی ممالک کے ساتھ تعاون پر مبنی اقتصادی توانائیوں کو فروغ دینے اور سیاسی رویوں میں تیل کی تاثیرگذاری ختم کرنے کی جانب گامزن ہے۔ علی شمخانی نے تیل اورگیس کے مشترکہ ذخائر سے استفادہ کے سلسلے میں ایران اور عراق کے درمیان تعاون کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ ذخائر سے استفادے کے سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کا ماڈل، تمام ممالک کے لئے نمونہ عمل بن سکتا ہے۔ ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سکریٹری نے کہا کہ دہشتگردوں اور اتحادیوں کے جنگی طیاروں کی حملوں کے ذریعے عراق اور شام سمیت علاقے کے ممالک کے اقتصادی ڈھانچوں کو تباہ کرنے کا مقصد، اسلامی ممالک کی اقتصادی ترقی کو روکنا ہے۔ اس موقع پر عراق کے وزیرپیٹرولیم عادل عبدالمھدی نے داعش دہشتگرد گروہ کے مقابلے میں عراقی فوج اور عوامی فورسز کی حالیہ کامیابیوں کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملت عراق ، پڑوسی ممالک بالخصوص ایران کے ساتھ تعلقات کوفروغ دینے میں دلچسپی رکھتی ہے اور اس سلسلے میں کام کے عمل کو آسان بنانا عراق کی مرکزی حکومت کی پالیسیوں کا حصہ ہے۔عادل عبدالمھدی نے عراق کی تعمیرنو بالخصوص تیل، گیس اور پیٹروکیمیکل مصنوعات میں ایران کے گرانقدرتجربات سے استفادے کی خواہش ظاہر کی۔

.......

/169