اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف پر حملے کے مجرم نیاز محمد کو سنٹرل جیل پشاور میں تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ ڈاکٹروں کی جانب سے موت کی تصدیق کے بعد نیاز محمد کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جیل کی جانب آنے کی اجازت نہ تھی۔ واضح رہے کہ صوابی سے تعلق رکھنے والے نیاز محمد کو پرویز مشرف پر راولپنڈی میں حملے کے جرم میں 2006 میں ملٹری کورٹ نے پھانسی کی سزا سنائی تھی اور اسے چند روز قبل ہی ہری پور سے پشاور منتقل کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد حکومت نے پھانسی کی سزا پر عائد پابندی ہٹا دی تھی اور جی ایچ کیو پر حملے میں ملوث ڈاکٹر عثمان سمیت چار مجرموں کو پھانسی دے دی گئی تھی۔ حکومت نے پھانسی کی سزا پر تیزی سے عملدرآمد شروع کرتے ہوئے مزید چار مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا تھا۔ اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے حکومت کی جانب سے زائے موت پر پابندی ہٹانے کی مذمت کرتے ہوئے پابندی دوبارہ عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
.......
/169