10 دسمبر 2014 - 20:25
ملالہ اور کیلاش نے امن کا مشترکہ نوبل انعام حاصل کر لیا

اوسلو میں نوبل امن ایوارڈ کی تقریب میں پاکستان کی ملالہ یوسفزئی اور ہندوستان کے کیلاش ستھیارتی نے امن کا نوبل انعام وصول کرلیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق نوبل کمیٹی کی جانب سے ملالہ اور کیلاش کو مشترکہ امن کا نوبل انعام دیئے جانے کے لئے منتخب کیا گیا تھا۔ اس موقع پر چیرمین نوبل کمیٹی تھورجون جیگ لینڈ نے کہا کہ کسی مذہب میں تشدد کی اجازت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملالہ اور ستیارتھی امن کےعلمبردارہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیلاش نے چائلڈ لیبرکےخلاف شعوراجاگرکیا جبکہ ملالہ کے بلاگ میں سوات کے حالات بتائے جاتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان اور دوسرے دہشت گرد گروہ تعلیم کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کیلاش جیسے عظیم لوگوں کی ضرورت ہے اور ملالہ اور کیلاش کی جدوجہد دنیا بھرکے لیےمشعل راہ ہے۔

امن کا نوبل انعام وصول کرنے والے ہندوستانی کیلاش ستیارتھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی کےسفرمیں دنیا کےکسی حصےمیں کوئی پیچھے نہ رہ جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوبل انعام ملنے پر ہندوستان اور والدین کو خراج عقیدت پیش کرتاہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ جن بچوں کو جبری مشقت سے چھٹکارا دلایا ان کے چہرے پر پاکیزہ مسکراہٹ دیکھی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنا اعزاز ان لاکھوں کروڑوں بچوں کےنام کرتاہوں جن کا بچپن چھین لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ان کروڑں بچوں کی نمائندگی کرتا ہوں جو پسماندہ ہیں۔ کیلاش کا کہنا تھا کہ جن بچوں سے معصومیت چھین لی جاتی ہیں ان کی روح زخمی ہوجاتی ہے۔ انہوں نے افسردہ لہجے میں کہا کہ بچےسوال کرتےہیں کہ کیا دنیا اتنی غریب ہے کہ انہیں ایک کھلونا نہیں دے سکتی، غریب اور محروم بچوں کا سوال ہے کہ ان کا قصور کیا ہے؟
ادھر امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ ایوارڈ کے لئے نامزد کرنے پر نوبل کمیٹی کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ہندوستانی اور پاکستانی ساتھ مل کر بچوں کے حقوق کے لیے کام کرسکتے ہیں۔ ملالہ کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ ان بچوں کے لیے ہے جو امن اور تعلیم چاہتے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ تعلیم دشمنوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور کارروائی کی گئی تو پھرکوئی تعلیم کےخلاف قدم نہیں اٹھائےگا۔
دوسری جانب ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم نے امن کا نوبل انعام وصول کرنے والے کیلاش اور ملالہ کو مبارک باد پیش کی ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو ملالہ یوسف زئی پرفخرہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی تعلیم سے متعلق ملالہ کا خواب پورا ہوگا۔ پاکستان کے صدرممنون حسین نے کہا کہ ملالہ قوم کی قابل فخربیٹی ہے۔ انہوں نے امن کا نوبل انعام وصول کرنے والے ہندوستان کے کیلاش ستھیارتی کو بھی مبارکباد پیش کی۔ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ تاریخی کامیابی پرملالہ اور کیلاش کومبارکباد دیتا ہوں۔
.......

/169