اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فرانس نیوز ایجنسی کے مطابق مسجد الاقصی ميں پچاس سال سے کم عمر کے فلسطینیوں کے مسجد الاقصی میں داخل ہونے پر عائد پابندی ختم کرنے کے حوالے سے صہیونی حکومت کے پولیس ترجمان "میکی روزنفلڈ" نے آج جمعے کو یہ اعلان کیا کہ اب مسجدالاقصی میں مردوں کے داخلے کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں ہے اور سبھی فلسیطینی اس مسجد ميں نماز ادا کرنے کے لئے حاضر ہوسکتے ہیں۔ روزنفلڈ نے کہا کہ یہ فیصلہ اردن، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان امان میں سہ فریقی مذاکرات کے بعد لیا گیا۔ اسرائیل نے گزشتہ چند مہینوں سے مسجدالاقصیٰ میں نوجوانوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی تھی تاہم مسلم ممالک اور امریکا کی جانب سے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر صیہونی حکومت نے قبلہ اول میں داخلے پر لگائی گئی عمر کی پابندی اٹھا لی جب کہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے بھی گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ مسجد اقصی سے متعلق تناؤ کے خاتمے کے لئے ایک معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں تاہم اس کی تفصیلات سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی پولیس کے ہاتھوں فلسطینی شہری کی شہادت اور پھر ایک یہودی کی ہلاکت کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی تھی جس کے بعد اسرائیلی حکام نے بیت المقدس میں نوجوانوں فلسطینیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔

