اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے ایک رکن پارلیمنٹ احمد الخفاجی نے کہا ہے کہ ایران اور شام کی شمولیت کے بغیر دہشتگرد گروہ داعش کے خلاف عالمی سطح کی جانے والی کاروائی کے، قابل قبول نتائج برآمد نہیں ہوں گے۔ احمد الخفاجی نے فارس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران اور شام، دہشتگردی کے خلاف مہم کے اہم اور محوری ملکوں میں سے ہیں اور اس بات کے پیش نظر کہ شام کو داعش سے شدید خطرہ لاحق ہے دمشق کی شمولیت کے بغیراس دہشتگرد گروہ کے خلاف کاروائی کا خاطر خواہ کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔ عراق کے اس رکن پارلیمنٹ نے داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف لبنان کے کردار کو بھی سراہا اور اس گروہ کے خلاف عالمی اتحاد میں ایران، شام اور لبنان کی شمولیت کی ضرورت پر تاکید کی۔ اس سے قبل عراق کے سیاسی امور کے ماہر عباس الموسوی نے بھی کہا تھا کہ ایران، شام اور روس، دہشتگردی کے خلاف مہم میں اہم کردار کے حامل ہیں اور داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف قائم کئے جانے والے اتحاد میں ان ملکوں کو شامل نہ کئے جانے سے اس اتحاد کے مقاصد کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲