12 ستمبر 2014 - 15:52
تین یورپی ملکوں کے ساتھ مذاکرات مفید اور تعمیر رہے

ایران اور تین یورپی ملکوں جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے درمیان صلاح مشورے کے تناظر میں گفتگو کا پہلا دور جمعرات کی شام آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ختم ہوگیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رپورٹ کے مطابق نائب وزیر خارجہ اور سینئر مذاکرات کار سید عباس عراقچي اور مجید تخت روانچي کی سربراہی میں ایران کی مذاکرات کار ٹیم نے جمعرات کو ویانا میں اقوام متحدہ کے یورپی ہیڈ کوارٹر میں جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے نمائندوں سے مذاکرات کرکے نظریات کو قریب لانے اور باقی بچے اختلافات کو دور کرنے کی کوشش کی۔سید عباس عراقچي نے بتایا کہ مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگيا ہے اور ملاقات مفید رہی ہے، لیکن ابھی بھی بنیادی اختلافات اپنی جگہ باقی ہے۔
جمعرات کو ہونے والے مذاکرات میں ایران کی جانب سے نائب وزراء خارجہ "سید عباس عراقچی" اور "مجید تخت روانچی" جبکہ برطانیہ کے نمائندے "سائیمن گس" فرانس کے "نیکلس دورویر" اور جرمنی کے "ہینس ڈيٹر لوکس" شریک ہیں۔ سید عباس عراقچی نے کہا کہ ہونے والے مذاکرات کے ذریعے ایک دوسرے کے نظریات جانے میں مدد ملی ہے اور مذاکرات مفید اور تعمیری رہے ہیں۔ واضح رہے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات کا ساتواں مرحلہ 18 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر منعقد ہو گا۔ یہ اجلاس وزیر خارجہ کی سطح کا ہوگا۔ ایران کی مذاکرات کار ٹیم، ایٹمی مسئلے کے حل کے لیے اب تک مذاکرات کے چھ مرحلے منعقد کر چکی ہے جس میں سے پانچویں مرحلے میں جامع معاہدے کے مسودے کی تدوین شروع ہوئی ہے۔ مذاکرات کے چھٹے مرحلے میں دونوں فریق، حتمی معاہدے کے حصول کے لئے مذاکرات کا وقت چار ماہ تک بڑھانے پر متفق ہوئے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲